الیکشن سے متعلق اچھی خبریں نہیں آرہیں، عمران خان

July 19, 2018

نتھیا گلی‘جہلم(ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس دوست محمد خان مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں‘الیکشن سے متعلق اچھی خبریں نہیں آرہی ہیں‘عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا‘ پہلے زرداری نے فوج کی تضحیک کی کوشش کی اور پھر نواز شریف نے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی‘زرداری اور نواز شریف جیسے بد عنوانوں سے جان چھڑانی ہے‘عوام کو ان کرپٹ لوگوں کو پہچاننا چاہئے ‘معاشی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو نتھیا گلی ‘ جہلم میں انتخابی جلسوں سے خطاب اورایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ نتھیا گلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے حوا لے سے اچھی خبریں نہیں آ رہی ہیں، انتخابات میں عوام کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت غیر جانبدار ہوتی ہے لیکن نگراں وزیراعلی جسٹس ریٹائرد دوست محمد خان، فضل الرحمان اور اکرم درانی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہبازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے میرے خلاف 32 جعلی ایف آئی آر کٹوائیں لیکن نواز شریف کے بعد انہیں بھی اڈیالہ جانا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ گلیات کی خوبصورتی کا مقابلہ سوئٹزلینڈ بھی نہیں کر سکتا۔ اقتدار میں آ کر ہر سال گلیات میں چار نئے سیاحتی مقام بنائیں گے اور سیاحت کے فروغ کے لیے کالج بھی قائم کریں گے‘ گلیات میں انڈسٹری لگانے کا سوچ بھی نہیں سکتا اگر کوئی کہے گلیات میں انڈسٹری لگا دوں گا تو وہ جھوٹ بولا رہا ہے۔ بعد ازاں جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پہلے زرداری نے فوج کی تضحیک کی کوشش کی اور پھر نواز شریف نے فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی‘25جولائی پاکستان کا اقتدار بدلنے کادن ہے ،زرداری اور نواز شریف جیسے بد عنوانوں سے جان چھڑانی ہے ،ان کا مفاد پاکستان میں نہیں ہے کیونکہ ان کے گھر‘ جائیداد اور بچے باہر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کوان کرپٹ لوگوں کو پہچاننا چاہئے ‘عمران خان نے کہا کہ قرضے حکمران لیتے ہیں اور پھر عوام کو چکانا پڑتا ہے‘جب تک ادارے ٹھیک نہیں ہونگے تب تک قرضے ختم نہیں ہوں گے‘میں وعدہ کرتا ہوں کہ یہ قرضے ہم ختم کریں گے‘ٹیکس بڑھائیں گے نہیں بلکہ کم کریں گے۔ علاوہ ازیںعمران خان نے خیبر پختونخوا کے عوام کے نام ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ وہ 25جولائی کو انتخابات میں بھرپور شرکت کریں، پاکستان کی تاریخ میں یہ الیکشن ایک فیصلہ کن الیکشن کی حیثیت رکھتا ہے، جتنی پرزور آپ کی اس میں شرکت ہوگی انشاء اللہ تحریک انصاف کی اتنی ہی مضبوط حکومت بنے گی‘ ملکی معیشت کو درست کرنا ہے‘ سخت فیصلے کرنے ہونگے‘ اصلاحات لانی ہوں گی‘ان سب کاموں کے لیے ایک مضبوط حکومت درکار ہے، مضبوط حکومت تب ہی ممکن ہے جب آپ سب لوگ نکلیں گے اور ووٹ ڈالیں گے، میں چاہتا ہوں کے آپ اس بات کو سمجھیں کہ یہ الیکشن آپ کے اور آپ کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے، 25 تاریخ کو آپ نے بلے پر ٹھپہ لگانا ہے۔