نواز شریف اپنے دور حکومت میں ایک بھی ڈیم نہیں بناسکے،عائشہ گلالئی

July 19, 2018

سجاول (نامہ نگار) ملک میں امن و امان کی خراب صورتحال کا ذمہ دار نوازشریف ہیں ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف (گلالئی) کی چیئرپرسن اور سجاول سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 231 پر امیدوار عائشہ گلالئی نے گذشتہ روز سجاول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی جانوں کےنذرانے دے کر ملک کو بچایا ہے۔نواز شریف اپنے دور حکومت میں ایک بھی ڈیم نہیں بناسکے۔ سپریم کورٹ ڈیم بنانے پر مجبورہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ سندھی عوام کو ظالم وڈیروں اور جاگیرداروں کے ظلم و ستم سے نجات دلانے کے لیے اس حلقے سے انتخابات لڑنے آئی ہوں،انتخابات میں کامیاب ہو کر صحت اور تعلیم کے بنیادی مسائل حل کراکے عوام کی خدمت کرتی رہوں گی۔انہوں نے کہاکہ سجاول ضلع پسماندہ علاقہ ہونے کے باعث یہاں کی عوام بنیادی مسائل کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے،عمران،نوازشریف اور زرداری سب کرپٹ ہیں جنہوں نے ہمیشہ غریب عوام کا خون چوسا ہے،احتساب سب کا ہوگا جس نے جتنی کرپشن کی ہے اسے اتنا حساب دینا ہی ہوگا ، نواز شریف کی باری تو آ چکی ہے اور اب زرداری اور عمران خان کا نمبر ہے ـ۔