مریم کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی مؤخر

July 20, 2018

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی عارضی طور پر مؤخر کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی عارضی طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد ریسٹ ہاؤس پر تعینات رینجرز اور پولیس کی نفری کو عارضی طور پر ہٹا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پمز سے آنے والی میڈیکل ٹیم بھی واپس روانہ کر دی گئی ہے۔

مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے منتقلی موخر کرنے کا فیصلہ ریسٹ ہاؤس میں جیل حکام اور اسلام آباد پولیس کی رات گئے میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل لندن سے لاہور آمد پر گرفتاری کے بعد مریم نواز نے باپ کو جیل بھیجے جانے اور خود کو سہالہ ریسٹ ہائوس میں پہنچائے جانے کی سختی سے مخالفت کی اور سرکاری حکام پر واضح کیا کہ وہ اپنے باپ کو اکیلے اڈیالہ جیل میں رکھنے اور خود سہالہ پولیس ٹریننگ کالج ریسٹ ہائوس میں نہیں جا سکتیں۔

حکام کے مطابق مریم نواز کی جیل سے ریسٹ ہا ئو س منتقلی کا فیصلہ سیکورٹی خدشات کے باعث کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی کو سزا سنائی تھی۔نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔