فیس بک کی الیکشن کمیشن کے اشتراک سے ووٹرز کیلئے رہنمائی

July 20, 2018

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے الیکشن کمیشن کے اشتراک سے ووٹرز کو ان کے حلقے اور ووٹ کی معلومات کی تصدیق کی مہم شروع کر دی ہے۔

ووٹ کی معلومات کے لیے فیس بک کا نوٹی فکیشن نیوز فیڈ میں سب سے پہلے نظر آرہا ہے، نوٹی فکیشن میں پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ کا ووٹ رجسٹرڈ ہے ؟۔۔ووٹ کی معلومات کے لیےدو آپشنز دیئے گئے ہیں، ایک سے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور دوسرے سے 8300 پر ایس ایم ایس کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فیس بک انتظامیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 25 جولائی کے انتخابات کے حوالے سے خصوصی ٹرینڈ بنانے اور سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں کے جعلی پیجز کے خاتمہ میں مدد کی پیشکش کی تھی۔

اپریل میں فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فیس بک کے جعلی اکاؤنٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں لیکن پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثر انداز نہ ہو۔