سگریٹ کا آدھا پیکٹ فروخت کرنے والے دکاندار پر 5ہزار ریال جرمانہ

July 21, 2018

متعدد سرکاری اداروںک ی نمائندہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سگریٹ کا آدھا پیکٹ فروخت کرنے پر 5ہزار ریال اور شیشے کے تمباکو کی فروخت پر 30ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔

کمیٹی کے اہلکاروں نے جدہ شہر کی دکانوں اور قہوہ خانوں پر چھاپے مارے۔کمیٹی میں وزارت صحت ، امن عامہ اور جدہ میونسپلٹی کے نمائندے شامل ہیں۔

کمیٹی نے تمام دکانوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ اپنے بورڈ سفید اور سیاہ دو رنگوں میں تیار کرائیں۔ دکان کے شیشے کو پوری طرح سے کلر کروائیں۔ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔

مقامی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ اور تمباکو کے نرخ بڑھائے جانے پر دکانداروں نے سگریٹ کی پوری ڈبیہ کے بجائے کھلے سگریٹ فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

سعودی عرب میں حقے کیلئے تیار کیا جانے والا تمباکو ہاتھ سے بنانے پر پابندی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں تمباکو ہاتھ سے تیار کیا جانے لگا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو 20سے 30ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دکان سربمہر کی جا سکتی ہے۔

دکانداروں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ حقے کے تمباکو کے ڈبے کا حجم 500گرام سے کم نہ ہو ۔

ڈبے کے اوپر تمباکو تیار کرنے اور قابل استعمال ہونے کی آخری تاریخ کا اندراج بھی لازمی کر دیا گیا ہےجبکہ تمباکو میں شامل دیگر عناصر کی بھی نشاندہی تحریری طور پر کی جانی لازمی ہے۔