کٹوتیوں کے سبب کیمسٹوں نے کاروبار بند کرنا شروع کردیا

July 23, 2018

لندن( نیوز ڈیسک) ایک سٹڈی سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نومبر 2016 میں محکمہ صحت کے بجٹ میں کٹوتی کے بعد سے 140 کیمسٹوں نے کاروبار بندکردیا ہے جبکہ مزید بند کرنےپر غور کررہے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق ہر ماہ 7فارمسیز بند کی جارہی ہیں۔ ڈیلی ایکسپریس نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھاہے کہ کیمسٹ اور ڈرگسٹ میگزین نے بڑی تعداد میں ڈسپنسریز بند کئے جانے کاانکشاف کیاہے، میگزین کے مطابق کٹوتی سے قبل کے عشرے کے دوران بند کی جانے فارمسیز کی تعداد ہرماہ کم وبیش3 ہوتی تھی ۔نیشنل فارمیسی ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ جب ایک فارمیسی بند ہوتی ہے تو کمیونٹی دوا حاصل کرنے ،صحت سے متعلق مشورہ لینے، اوراین ایچ ایس تک رسائی کی سہولت سے محروم ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایک مقامی آجر اور ہائی سٹریٹ کی ایک دکان سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ایسوسی ایشن کے مطابق بہت سے علاقوں میں اب صحت کی سہولتیں حاصل کرنے کیلئے میلوں دور جانا پڑتا ہےفارمسیز کی بندش سے کمزور اور معذور افراد لائف لائن سے محروم ہوجاتے ہیں ۔نیشنل فارمیسی ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ کمیونٹی کے فارمیسسٹ صحت میں بہتری پیدا کرنے اورجی پیز اورہسپتالوں پر دبائو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔