سیارہ مریخ پر جھیل دریافت

July 31, 2018

ماہرین فلکیات نے گزشتہ دنوں سیارے مریخ پر پانی سے بھری ایک جھیل دریافت کی ہے جو سیارے کے جنوبی قطب پر موجود ہے،اس کا رقبہ تقریباً20 کلو میٹر ہے ۔ اس جھیل کی نشان دہی یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے ) کے مارس ایکسپریس آربٹر کے خاص مارسِس ریڈار نےکی ہے ۔اگر چہ اس سے قبل ماہرین کو مریخ پر پانی کے آثارات ملتے رہے ہیں لیکن اس دریافت سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مریخ پر ایک طویل عر صے سے پانی کا کوئی بڑا ذخیرہ موجود ہے۔اس کی سطح بھی ایک عر صے سے سردترین ہوتی جارہی ہے ۔اسی بناء پر ماہرین کا خیال ہے کہ اس میں پانی برف کی صورت میںموجود ہوسکتا ہے ۔

یہ جھیل بہت بڑی نہیں ہے ۔یہ برف کے پگھلنے سے بننے والا کوئی جوہڑ ہے ۔مارسِس ریڈار نے سیارے کے قطب پر شعاعیں پھینک کر بتا یا کہ سطح سے ٹکرا کرواپس آنے والی ریڈیائی امواج سے یہاں برف اور گرد کی پرت موجو دہے اور اس کے ڈیڑھ کلو میٹر نیچے پانی موجود ہے ۔یہ ایک حیرت انگیز دریافت ہے ۔ماہرین کاکہنا ہے کہ جھیل کے پانی میں کئی طرح کے نمکیات بھی ہوسکتے ہیں اور اس وجہ سے وہاں حیات کی موجودگی مشکل ہو سکتی ہے ۔