بھارت کے یومِ آزادی پر شعیب ملک نے کیا کہا؟

August 15, 2018

بھارت کے 71 ویں جشن آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی جانب سے تمام بھارتیوں کو جشن آزادی کی مبارک باد دی گئی ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک نے بھارتی قوم کو یوم آزادی پر مبارک باد دینے کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شعیب ملک نے دنیا بھر میں موجود تمام بھارتیوں کو جشن آزادی کی مبارک دی۔

انہوں نے اپنی اہلیہ اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو خاص طور پر مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’ان کو بھی مبارک جو میرے گھر میں موجود ہیں۔‘


گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پرآل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی جانب سے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارک باد دی گئی تھی۔


ثانیہ مرزا نے خود کو ’بھارتی بھابی‘ کہہ کر نہایت دلکش انداز میں ٹوئٹ کیا اور تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دی انہوں نے لکھا کہ ’میرے تمام پاکستانی مداحوں اور دوستوں کو یوم آزادی مبارک ہو! ! ’انڈین بھابھی‘ کی جانب سے آپ لوگوں کے لیے نیک تمنائیں اور پیار۔‘

واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی کو 8 سال گزر چکے ہیں اور دونوں ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ ثانیہ مرزا کئی بار انٹرویوز کے ذریعےیہ بات بتا چکی ہیں۔

ثانیہ مرزا ان دنوں امید سے ہیں اور ان کے ہاں جلد ہی ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے بچے کے خاندانی نام کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کے نام کے ساتھ ’مرزا ملک‘ لگے گا۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ ماں بننے کے بعد بھی اپنے ٹینس کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔