نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلف اٹھالیا

August 17, 2018

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے،حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے ان سے حلف لیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے کابینہ میں وزراء کی شمولیت سے متعلق مشاورت بھی شروع کردی ہے جس کی حتمی منظوری پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان دیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق وزراء کو شامل کرنے کا امکان ہے، اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیاء اللہ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ عاطف خان اور شہرام ترکئی کو سینئر وزیر بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا انتخاب کل اسمبلی اجلاس کے دوران عمل میں لایا گیا، انہوں نے 77ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے اور عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جو وعدے کیے ہیں ان پر مکمل عمل کریں گے، پی ٹی آئی کے منشور اور عمران خان کے ویژن پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

محمود خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اداروں کو مضبوط کریں گے اور کرپشن کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر جہاد ہوگا، اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ، صوبے کے لوگوں پر سرمایہ کاری کریں گے، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔