ٹنڈوغلام علی، عدالت کے حکم پر اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی، 17 نجی کلینکس سیل

August 20, 2018

ٹنڈو غلام علی ( نامہ نگار) شہر اور گردو نواح میں اتائی ڈاکٹروں کے نجی کلینک کے خلاف عوامی شکایات پر سپریم کورٹ کے حکم پر تشکیل دی جانے والی ویجلنس ٹیموں نے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اس ضمن میں ٹنڈو غلام علی سمیت گردو نواح میں ویجلنس ٹیم نے سپروائزر ڈاکٹر محمد قاسم کھوسہ اور فوکل پرسن ڈاکٹر سنیل کی قیادت میں اتائی ڈاکٹروں کی نجی کلینک پر چھاپے مار۔ےاتائی ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر انکی نجی کلینک سیل کردی گئیں۔ ڈاکٹر محمد قاسم کھوسہ نے جنگ کو بتایا کہ مذکورہ اتائی ڈاکٹر دیہات کے سادہ لوح عوام کی زندگی سے کھیل رہے تھے اور جعلی ادویات کے استعمال سمیت ایک سرنج متعدد مریضوں پر استعمال میں ملوث تھے جس کی عوامی شکایات پر سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لیکر کارروائی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سنیل نے بتایا کہ اب تک کارروائیوں میں ٹنڈو غلام علی اور گردو نواح میں17کے قریب اتائی ڈاکٹروں کے نجی کلینک کو سیل کردیا گیا ہے۔ ٹیم کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارروائیوں پر مختلف قسم کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم وہ اپنی ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرتے رہینگے۔ مذکورہ کارروائیوں کے بعد اتائی ڈاکٹروں نے مزید کسی کارروائی اور گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوشی اختیار کرلی ہے۔ اکثریت نے اثر و رسوخ کا استعمال کرکے گلو خلاصی کی تگ و دو شروع کردی ہے۔ مذکورہ کارروائیوں پر عوامی حلقوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔