کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے پیشگی تحریری اجازت لینے والے کھالیں جمع کرسکیں گے

August 20, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی نے کہا ہے کہ قربانی کی کھالیں اپنی مر ضی سے دینا قربانی کر نے والوں کا حق ہے اور یہ حق استعال کر نے کے لئے انھیں مکمل آزادی دی جائے،وہ اپنے دفتر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کر نے کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے کمشنر نے بلدیہ عظمی، تمام ضلعی بلدیات اور کنٹونمنٹ بورڈز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں آلائشیں اٹھانے،ٹھکانے لگانے اور صفائی کے انتظامات کو مکمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضابطہ اخلاق کے مطابق صرف ان پارٹیوں ، تنظیموں ، فلاحی اداروں اور دینی مدارس کو کھالیں جمع کر نے کی اجاز ت ہو گی جو کمشنر یا ڈپٹی کمشنرسے پیشگی تحریری اجازت لیں گے ، ضابطہ اخلاق پر دستخط کریں گے اور اس پر سختی سے پابند رہیں گے، ضابطہ اخلاق کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ لگانے ،گاڑیوں پر لائو ڈ اسپیکر جھنڈے لگا کر یا مساجد مدرسوں اور دفاتر سے کسی قسم کے اعلان ، گھر گھر جا کر زبردستی کھالیں جمع کر نے اور پوسٹر یا بینر کے ذریعے کھالیں جمع کر نے کی اجاز ت نہیں ہو گی۔عید الالضحیٰ کے تینوں دن کسی قسم کا اسلحہ ڈنڈے، لاٹھی یا سلاخیں وغیرہ لے کر چلنے پر پابندی ہو گی، اس پابندی کا اطلا ق لائسنس یافتہ اسلحہ پر بھی ہو گا، اس شق کو نافذ کر نے کے لئے قانون نافذ کر نے والے ادارے جگہ جگہ مو ٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک کر چیک کریں گے اور تلاشی لیں گے،کھالوں کی ترسیل کرنے والے کارکنوں کے لئے لازمی ہو گا کہ وہ اجازت نامہ اور اوریجنل شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھیں،تمام پارٹیاں تنظیمیں ادارے اور مدارس اپنے کارکنان کو ہدایت کریں گے کہ وہ اس سلسلہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارون سے مکمل تعاون کریں ،فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انکی رہنمائی و مدد کے لئے کمشنر کراچی کے دفتر اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر ، کمشنر کراچی کنٹرول روم میں مرکز شکایات قائم کیا جائے گا،شہری کمشنر کراچی کنٹرول روم کے فون نمبر02199205634-02199203443پر شکایت کرسکیں گے ۔