سعودی عرب، عازمین کو تیز بارشوں کا سامنا

August 20, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

سعودی عرب میں دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد مسلمان حج کی ادائیگی کے لئے موجود ہیں.

ایسے موقع پر انہیں شدید بارشوں کا سامنا ہے تاہم سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث کسی بیماری کے پھیلنے کا خطرہ نہیں ہے اور انہوں نے پہلے سے ہی حفاظتی اقدامات اٹھا رکھے ہیں۔

شدید بارشوں اور بجلی کی گھن گرج کے بعد عازمین نے خیموں میں پناہ لے لی.

محکمہ شہری دفاع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی نے پیر کو رات گئے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ امارات سے حج کی ادائیگی کے لئے جانے والے تمام عازمین خیریت سے ہیں۔

اماراتی نیوز ایجنسی نے سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ کو بھی دہرایا جس میں عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تیز ہوائوں کے پیش نظر پہاڑیوں کی چوٹیوں پر جانے سے گریز کریں۔

دوسری جانب عازمین کی بڑی تعداد بیت اللہ میں نماز کی ادائیگی کے بعد منیٰ یا جبل عرفات کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔