وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے 2026 کو اصلاحات کا سال قرار دیا جانے کی تجویز دی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اصل مسئلہ معیشت کے اسٹرکچرل خلا کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اخراجات، آمدنی سے زیادہ ہیں، دوسرا یہ کہ وسائل صوبوں کو زیادہ چلے جاتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ جی ڈی پی میں 20 فیصد حصہ رکھنے والی انڈسٹری پر ٹیکسوں کا 70 فیصد بوجھ ہے، ہمیں اس بوجھ کو سروسز اور زراعت کے سیکٹرز میں تقسیم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بھی اپنی شرائط اور بندشیں ہیں، جن میں ہمارے پاس زیادہ گنجائش نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ تمام ریاستی ادارے متفق ہیں تو اُمید ہے کہ ہم اصلاحات میں کامیاب ہوجائیں گے۔