عمران کووزیراعظم کامنصب سنبھالنے پرجرمن چانسلر،سفیر،ایرانی صدرکی مبارکباد

August 20, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے عمران خان کو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا پیغام دیتےہوئے کہاہے کہ وہ امید کرتی ہیں کہ عمران خان اپنے دور اقتدار میں بااعتماد فیصلوں کے باعث کامیاب رہینگے اور بطور وزیرا عظم پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ امید بھی کرتی ہیں کہ پاکستان کے نئے سربراہ حکومت ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن مذاکرات کریں گے اور خطے میں قیام امن کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔ مرکل نے مزید کہا کہ برلن حکومت پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اس کے ساتھ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں بھی پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ پاکستان میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانےکیلئے ان کی حکومت اسلام آباد کیساتھ ہو گی۔ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بھی عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ ان کی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے اور امید کرتے ہیں کہ عمران خان پاکستان اور خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی عمران خان کو پاکستان کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ ان کے دور اقتدار میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اور خصوصاً نئے دور حکومت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے۔