بھارت کی پاکستانی ماہرین کو دورے کی دعوت

September 02, 2018

مقبوضہ کشمیر میں ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں کی سائٹس کا جائزہ لینے کے لیے بھارت نے پاکستانی ماہرین کو دورے کی دعوت دے دی ۔

بھارت کی آبی وسائل کی وزارت کے سیکرٹری یو پی سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ماہرین کو سندھ طاس معاہدے کی شقوں کے تحت سائٹس کے دورے کی دعوت دی گئی ہے ۔

جن منصوبوں کی سائٹس پر پاکستانی ماہرین کو بلایا گیا ہے ان میں دریائے چناب پر پکال دل اور لوئر کلنائی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس شامل ہیں ۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں لاہور میں ہونے والے دونوں ملکوں کے انڈس واٹر کمشنروں کے مذاکرات میں مستقل انڈس کمیشن کے کردار کو مستحکم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔