جوہی چاؤلہ کو کراچی سے تحفے میں کیا ملا؟

September 05, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ جوہی چاؤلہ کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں وہ بتا رہی ہیں کہ وہ پاکستان سے کپڑوں کا تحفہ لے کر بھارت جارہی ہیں۔

اداکارہ جوہی چاؤلہ چند روز قبل اپنے دوستوں سے ملنے پاکستان کے شہر کراچی آئی تھیں۔

کراچی دورے کے دوران انہوں نے سینما، ریسٹورنٹ اوراسٹورز سمیت مختلف جگہوں کا رخ کیا۔

واضح رہے کہ جوہی نے کامیڈی اور رومانس سے بھرپور پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ بھی دیکھی ، جو کہ بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کے درمیان لو اسٹوری پر مبنی فلم ہے۔ ‘

جوہی چاؤلہ کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس کا آغاز انہوں نے سلام سے کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان آکر کتنی خوش ہیں۔

جوہی نے بتایا کہ وہ پاکستان کے ایک اسٹور میں موجود ہیں اور یہاں سے انہوں نے بچوں کے دو بہت پیارے سوٹ خریدے ہیں۔

جوہی چاؤلہ نے کہا کہ کاش میرے بچے تھوڑے چھوٹے ہوتے تو میں یہ کپڑے انہیں پہناتی لیکن وہ اب بڑے ہوگئے ہیں۔

جوہی یہ خوبصورت کپڑے اپنے ساتھ بھارت لے کر گئی ہیں۔