”طیفا “کی اسکاٹ لینڈ میں بھی دھوم، شوز ہاؤس فُل

September 06, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


سب سے بڑی، سب سے کامیاب اور فلمی صنعت کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرنے والی پاکستانی فلم ”طیفا اِن ٹربل“ نے اسکاٹ لینڈ میں بھی دھوم مچادی ہے جبکہ کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ملک کے بیشتر سنیما گھروں میں اب بھی طیفا کے دیوانوں کا ہجوم برقرار ہے۔

علی ظفر اور مایا علی کی پہلی فلم پہلی بار اسکاٹ لینڈ کے شہر ایبرڈین میں نمائش کیلئے پیش کی گئی جہاں پاکستانی کمیونٹی نے انٹرٹینمنٹ سے بھر پور فلم دیکھ کر خوب لطف اُٹھایا۔

فلم بینوں نے طیفا کے ایکشن، مایا کی اداؤں، قہقہے بکھیرنے والی کامیڈی، سحر میں مبتلا کردینے والے میوزک، فلم کے پس منظر میں نظر آنے والے حسین اور دِل کش نظاروں، احسن رحیم کی بہترین ہدایتکاری اور تمام اداکاروں کی جاندار پرفارمنس کی کھل کرتعریف کی۔

اسکاٹ لینڈ کی رہائشی ایک خاتون کا فلم دیکھنے کے بعد کہنا تھا کہ ہم نے اس فلم کو بہت زیادہ انجوائے کیا ہے، پاکستانیوں کی بڑی تعداد سنیما میں موجود تھی اور پورا ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ فلم کے کئی شوز سولڈ آؤٹ تھے۔

ایک اور خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کے ہیرو علی ظفر کی اداکاری بہت کمال کی تھی۔

کئی نوجوانوں کا کہنا تھا کہ اب ڈرامہ انڈسٹری کی طرح ہماری فلم انڈسٹری بھی دُنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت بنانے کے قابل ہوگئی ہے۔

انٹرنٹیمنٹ سے بھر پور فلم دیکھ کر پورے ہفتے کی تھکن اُتر گئی۔

دوسری جانب فلم کی کامیابی پر پاکستان کے سپر اسٹار اداکار علی ظفر نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایبرڈین کے فلم بینوں کو چاہئے کہ وہ بیرون ملک مقیم دیگر پاکستانیوں کو بھی یہ فلم دکھانے کیلئے اپنے ساتھ لائیں اور پاکستانی فلم کو اور بھی زیادہ کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان میں یہ فلم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور ”جیوفلمز“ کے تعاون سے ریلیز کی گئی۔