ایشیاء کپ میں فتح حاصل کریں گے ، حسن علی

September 06, 2018

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار فاسٹ بالرحسن علی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیاء میں فتح حاصل کرے گی اور وہ بھارت کے خلاف میچ میں بھی بھرپورجذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میںقومی ٹیم اچھی کارکردگی کے باعث ٹائٹل اپنے نام کرنےکے لیے پرعزم ہے۔

لاہور میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا ہے کہ ایونٹ میں روایتی حریف بھارت سمیت کسی کو بھی آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے، متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنزسے اچھی طرح آگاہ ہیںاور ان کا بہتراستعمال کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں فتححاصل کریں گے۔

انہوں نےمزید کہا کہ ویراٹ کوہلی ایک بہترین بیٹسمین ہیں ان کی جگہ کوئی بھی نیا پلیئر لے لیں، نیا پلیئردباؤ میں اسٹارکرکٹرجیسا کھیل پیش نہیں کرسکےگاجس کی کمزوری کا ہمیں فائدہ ہوسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کرنے کی خواہش ضرور ظاہر کی تھی، ایشیا کپ میں یہ موقع نہیں مل سکے گا لیکن امید ہے کہ مستقبل میں کبھی ان سے سامنہ ضرور ہو گا۔

حسن علی نے کہا کہ اسکواڈ میں 6 پیسرز شامل کرنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی نے کیا ، میدان میں کس کو اتارنا ہے یہ فیصلہ ٹیم انتظامیہ کرے گی ، ان بولرز میں سے ٹیم کی ضرورت کے مطابق جس کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا وہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی کوشش کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہرنہیں کیا، طویل فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی پلیئر کو تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرناہے تو فٹنس اعلیٰ معیار کی ہونی چاہیےاور اسی لئے میں اس معاملے پر اپنے آپ پر خصوصی توجہ دیتا ہوں۔