فیصل آباد، تھانوں کی حدود کا تنازع، لاش 3گھنٹے نالے میں پڑی رہی

September 08, 2018

فیصل آباد میں ایک نامعلوم شخص کی لاش 3تھانوں کی پولیس کے درمیان حدود کے تنازع پر کئی گھنٹوں تک نالے میں پڑی رہی۔

میڈیا نمائندوں کے پہنچنے پر پولیس اہل کاروں نے لاش نکال کر ایمبولنس کے بجائے موٹر سائیکل رکشے پر لاد کر اسپتال منتقل کی ۔

فیصل آباد کے علاقے بکر منڈی میں شہریوں نے نالے میں ایک شخص کی تشدد زدہ لاش دیکھ کر تھانہ کوتوالی اور تھانہ گلبرگ پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس اہل کاروں نے موقع پر پہنچ کر اعلان کردیا کہ یہ جگہ ان کی حدود سے باہر ہے، اس پر تھانہ جھنگ بازار پولیس کو بلایا گیا، تاہم جھنگ بازار پولیس نے بھی لاش کو اپنی حدود سے باہر قرار دے دیا۔

تھانوں کے ایس ایچ اوز حدود کے تنازع پر 3گھنٹے تک ایک دوسرے سے الجھتے رہے جس پر شہریوں نے میڈیا کو اطلاع دی۔

میڈیا کے نمائندوں کے پہنچنے پر تھانا جھنگ بازار پولیس نے لاش کو گندے نالے سے نکالا اور موٹر سائیکل رکشہ روک کر اس میں لاش اسپتال منتقل کی،شہریوں نے پولیس کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔