’’ماجد خان کو سی ای او بنانے کی خبر میں صداقت نہیں ‘‘

September 09, 2018

پا کستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں موجود ہے لیکن انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے سامنے اس عہدے کے لیے ماجد خان کا نام تجویز نہیں کیا۔

ایک انٹرویو میں نئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا ڈیپارٹمنٹ کو بھی پیشہ ورانہ انداز میں چلانا چاہتے ہیں ۔

احسان مانی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ میڈیا کو ایک ہی جگہ سے خبریں اور معلومات فراہم کی جائیں جیسا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز میں ہوتا ہے اسی لیے انہوں نے بورڈ میں غیر ضروری واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماجد خان کو چیف ایگزیکٹو آفیسر بنائے جانے کی تجویز سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ موجود ہے اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات آئین کے مطابق چلائے جائیں، لیکن ابھی اس پوزیشن کےلئے کسی کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔