ناقص صفائی ‘متعدد ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان پر جرمانے عائد

September 12, 2018

پشاور(سٹی رپورٹر) کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے صفائی کی ناقص صورتحال پر متعدد ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان پر جرمانے عائد کردیئے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا خاور کی ہدایت پر کنٹونمنٹ مجسٹریٹ قرۃ العین وزیر نے صدر میں مختلف ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی صفائی کی ناقص صورتحال پر پردیسی ہوٹل ‘ لذیذہ چاول فروش ‘ مزیدار چاول فروش ‘ لعل مرجان ہوٹل ‘ جان تکہ ہوٹل ‘ سپین غر ہوٹل کے مالکان کو نوٹسز جاری کر کے عدالت طلب کرلیا جن کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ اس کے علاوہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی کینٹین کا بھی دورہ کیا جہاں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا جہاں صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ ایمر جنسی گیٹ کے باہر نالی پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر کے خاردار تار لگادی جس کا مستقل خاتمہ کردیا گیا ۔