اسٹاک مارکیٹ میں پھر مندی،100انڈیکس میں237پوائنٹس کی کمی

September 13, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روز کی معمولی تیزی کے بعد پھر مندی کے باعث 100انڈیکس 237 پوائنٹس کی کمی سے 40 ہزار 522 پوائنٹس کی سطح پرآگیا ،سرمایہ کاری کی مالیت بھی 61 ارب 35کروڑ گھٹ گئی ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو بھی ا سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے خریداری کی بجائے فروخت کو ترجیح دی ۔اور کل 13کروڑ 69لاکھ 79ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جو کہ گزشتہ روز کی نسبت 25لاکھ 28ہزار شیئرز کم تھا ،خریدوفروخت میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ کا کاروباری حجم بھی گذشتہ روز کی نسبت 43کروڑ 67لاکھ کی کمی سے 5ارب 32کروڑ 30لاکھ روپے رہا ۔جبکہ سرمایہ کاری کی مالیت میں بھی 61ارب 35کروڑ 27لاکھ روپے کی کمی ریکاڑد کی گئی ، مندی کی وجہ سے 100انڈیکس میں 237.49کی کمی ہو ئی جس سے یہ 40759.53 سے کم ہو کر 40522.04 پوائنٹس پر آگیا ، 30انڈیکس میں 179.67 پوائنٹس کی کمی سے یہ 19857.09 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 194.33 پوائنٹس کی کمی سے 29654.63 پر پہنچ گیا ،مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر 356کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین ہوا 100کے بھاو میں اضافہ 237کے بھائو میں کمی جبکہ 19کے بھائومستحکم رہے ،ٹرن اوور کے لحاظ سے مارکیٹ میں یونٹی فوڈ سر فہرست رہی جس کے ایک کروڑ 45لاکھ 70ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا دوسرے نمبر پر بینک آف پنجاب کے ایک کروڑ 2لاکھ 50ہزار شیئرز کا لین دین ہوا ،جبکہ 71لاکھ 40ہزار شیئرز کے ساتھ ڈیسکون آکسیکیم تیسرے نمبر پر رہی ،بدھ کو مارکیٹ میں سب سے زیادہ خیبر ٹیکسٹائل اور ستارہ کیمیکلز کے شیئرز کی قیمت بڑھی جو کہ 16.70روپے اور 14.34 روپے ریکارڈ کی گئی دوسری جانب نیسلے پاکستان اور ملت ٹریکٹر کے شیئرز کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جو کہ 497.80 روپے اور 55.30 روپے رہی ۔