کراچی چیمبر میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں،سراج قاسم تیلی

September 13, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کے سی سی آئی میں کسی قسم کی تبدیلی کی ضرورت نہیں البتہ یقینی طور پر تمام کمیونٹیز اور کراچی کے وسیع تر مفاد میں تسلسل کی ضرورت ہے جو کہ ایک کثیر ثقافتی شہر ہے جہاں تمام کمیونٹی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مل کر رہ رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار سراج قاسم تیلی نے جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی اردو برادری کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب میں کیا۔اس موقع پروائس چیئرمینز بی ایم جی طاہر خالق، زبیر موتی والا،ہارون فاروقی،انجم نثار، کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف،سابق صدور کے سی سی آئی اے کیو خلیل،ہارون باری،شمیم فرپو،عبداللہ ذکی، سعید شفیق،یونس محمد بشیر۔ مجید عزیز، میاں ابرار،بزنس مین پینل کے نمائندے میاں زاہد حسین،شوکت احمد،ناصر حیات مگوں ودیگر بھی موجود تھے۔بی ایم جی کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ وہ ہمیشہ کمیونٹی سسٹم کے مخالف رہے ہیں اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں تاہم کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی میں مختلف کمیونٹیز کوشامل کیا جاتا ہے تاکہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بزنس مین پینل سے تعلق رکھنے والے میاں زاہد حسین نے سراج تیلی اور بزنس مین گروپ کی 20سالہ خدمات پرخراج تحسین پیش کیا۔ سابق صدر کراچی چیمبر اے کیو خلیل نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے یہ غلط تاثر دیا جارہاہے کہ کراچی چیمبر میں پچھلے 11سال سے انتخابات نہیں ہوئے یا جان بوجھ کر انتخابات نہیں کرائے جارہے جس میں کوئی صداقت نہیں کیونکہ ڈی جی ٹی او کے قوانین کے مطابق کراچی چیمبر ہر سال الیکشن کا باضابطہ اعلان کرتا رہا ہے اور کاغذات نامزدگی بھی طلب کئے جاتے ہیں۔