پاکستان نژاد ہائی شیرف،ڈاکٹر روبینہ شاہ کا مجسمہ سینٹرل لائبریری مانچسٹر میں رکھ دیاگیا

September 13, 2018

مانچسٹر (نمائندہ جنگ)برطانیہ کے شہر مانچسٹر میںپہلی بار برٹش پاکستانی خاتون ڈاکٹر روبینہ شاہ کا مجسمہ سینٹرل لائبریری میںرکھا گیا ہے۔ برٹش پاکستانی ہائی شیرف کے مجسمہ کا انتخاب 25برطانوی باشندوںکے درمیان مقابلہ کے بعد کیا گیا۔ ڈاکٹر روبینہ شاہ مانچسٹر یونیورسٹی میں سینئر لیکچرار کے طور پر کام کررہی ہیں، کچھ ماہ پہلے ملکہ برطانیہ کی جانب سے ڈاکٹر روبینہ شاہ کو بطور ہائی شیرف تعینات کیا گیا تھا۔ یہ بھی پہلی بار ہوا کہ پاکستانی نژاد خاتون کو ہائی شیرف بنایا گیا جو پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے اور اب برطانیہ میںپہلی بار پاکستان نژاد خاتون کا مجسمہ مانچسٹر سینٹرل لائبریری میں رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ رکن برطانوی پارلیمنٹ محمد افضل خان 2006ء میںجب مانچسٹر کے لارڈمیئر منتخب ہوئے تھے اس وقت وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز کے دور میںبانی پاکستان کا مجسمہ ٹائون ہال میں رکھا گیا تھا۔ مانچسٹر کی تاریخ 750سال پرانی ہے۔ مجسمہ رکھنے کی تقریب میں لارڈڈپٹی لیفٹیننٹ پول، میئر راچڈیل کونسلر محمد زمان، قونصلر جنرل پاکستان طاہر آفتاب قریشی، کونسلر شکیل احمد، لارڈ میئر مانچسٹر جیون کے علاوہ متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہائی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ یہ لمحات مجھے زندگی بھر یاد رہیں گے، یہ برطانیہ اور پاکستان دونوںکے لئے خوشی کا موقع ہے کہ خواتین کو عزت دی جارہی ہے اور خاص طور پر مجھے ہائی شیرف بنانا پوری پاکستانی قوم کے لئے باعث مسرت ہے۔ انہوںنے کہا کہ برطانیہ میں خواتین کو کام کرنے کے مکمل مواقع حاصل ہیں اور خواتین محنت سے اپنا اور وطن عزیز کا نام روشن کرسکتی ہیں۔ قونصلر جنرل عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر روبینہ شاہ کا مجسمہ لگنا پوری پاکستانی قوم کے لئے اعزاز ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ برطانیہ میں پاکستانیوں کی بہتر نمائندگی ہورہی ہے۔ میئر راچڈیل کونسلر محمد زمان، لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر جیون و دیگر نے کہا کہ ہمیںامید ہے کہ ڈاکٹر روبینہ شاہ سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرینگی اور خواتین کو ساتھ لے کر چلیںگی جس سے معاشرے میں مزید مثبت نتائج سامنے آئیںگے۔ اس موقع پر ڈاکٹر روبینہ شاہ اور ان کے خاندان کو مبارکباد دی گئی۔