واپڈ ا کی غفلت کے باعث جھلس جانیوالے بلوچستان کے آٹھ سالہ فیض محمد کا ہاتھ کاٹ دیا گیا

September 13, 2018

اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی ) واپڈ ا کی غفلت کے باعث جھلس جانے والے تحصیل گندہ خان ضلع جعفر آباد بلوچستان کے آٹھ سالہ فیض محمد کا پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) میں ہاتھ کاٹ دیا گیا ۔31اگست کو کھیلتے ہوئے فیض محمد کا ہاتھ 11 ہزار کے وی کی ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرا گیا تھا جس وجہ سے وہ برْی طرح سے جھلس گیا تھا ۔ بلوچستان میں علاج کی سہولیات نہ ہونے کہ وجہ سے اسے برن یونٹ پمز لایا گیا ،والدین کی خواہش پر ڈاکٹروں نے ہاتھ کاٹنے کے فیصلے کو چار روز تک مؤخر کیا لیکن بدھ کو فیض محمد کا بائیں ہاتھ کاٹ دیا گیا ۔ بچے کے والد اْمید علی نے جنگ کو بتایا کہ میرا بیٹا واپڈا کی غفلت کا نشانہ بن کر کئی روز سے وفاقی دارالحکومت میں زیر علاج ہے لیکن وفاقی و صوبائی حکومت یا واپڈا کے کسی عہدیدار نے تیمارداری تک نہیں کی ۔ انہوں نےوفاقی و صوبائی حکومتوں اور واپڈا سے مطالبہ کیاہے کہ فیض محمد کی آئندہ زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے تعلیم وروزگار کا بندو بست کیا جائے جو ریاست کی ذمہ داری بھی ہے ۔