’وزیراعظم کا ماسٹر پلان پر بیان 18ویں ترمیم کیخلاف ورزی ہے‘

September 16, 2018

پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے ماسٹر پلان پر بیان دے کر 18ویں ترمیم کے کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو آج کراچی میں کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرنا چاہیے تھی۔

انہوں نےمزید کہا کہ وزیر اعظم کے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ دینے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں،انہیں بنگالیوں کا دکھ ہوتا تو بنی گالا کے دروازے ان کے لیے کھول دیتے۔

کراچی میں صفائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز پہلے چیف جسٹس نے کراچی کی صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم کراچی میں صفائی کی فکر کے بجائے پشاور میں کچرا صاف کریں۔

واضحرہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ماسٹر پلان بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ہر جگہ عمارتیں ہی عمارتیں ہیں جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا، شہر میں جہاں بھی خالی جگہ ہو گی وہاں درخت لگائے جائیں گے اور گرین کراچی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے کئی دہائیوں سے پاکستان میں رہنے والے بنگالیوں اور افغانیوں کو شناختی کارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔