منشیات رکھنے کے مقدمہ میں سزا کیخلاف قیدی کی اپیل منظور ،سزا و جرمانہ کالعدم

September 18, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے منشیات رکھنے کے مقدمہ میں سزا کے خلاف قیدی کی اپیل منظور کرکے اس کی سزا و جرمانہ کالعدم قرار دیکر بری کردیا ہے۔ اسی عدالت نے کوٹری تھانے میں درج گیس چوری کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور جبکہ دیگر عدالتوں نے اینٹی کرپشن کی کارروائی میں گرفتار ورکس اینڈ سروسز کے ایکسین کی درخواست پر وکلا کو 25 ستمبر کو طلب کرلیا ہے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو بری کردیا ہے۔ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں ڈسٹرکٹ جیل نواب شاہ کے قیدی مرید نے اسپیشل جج اینٹی نارکوٹکس و سیشن جج نواب شاہ کی جانب سے 18 سو گرام چرس رکھنے کے الزام میں سنائی گئی ساڑھے تین سال قید اور جرمانے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ عدالت نے پیر کو درخواست گزار کے وکیل حمید اللہ ڈاہری کے دلائل کے بعد قید کی اپیل منظور کرکے اس کی سزا اور جرمانہ کالعدم قرار دیکر بری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اسی عدالت نے کوٹری تھانے میں درج گیس چوری کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان علی اکبر اور محسن علی کی وکلا کے دلائل کے بعد 50,50 ہزار روپے کی عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ہے۔ علاوہ ازیں انسداد رشوت ستانی کی خصوصی (صوبائی) عدالت برائے حیدرآباد نے اینٹی کرپشن حیدرآباد کی کارروائی میں رشوت وصولی کے الزام میں گرفتار محکمہ ورکس اینڈ سروسز ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے ایکسین قاضی فاروق میمن کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر وکلا کو 25 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔