کھوکھلے نعروں سے تبدیلی نہیں آئے گی ‘ ہدایت الرحمن بلوچ

September 18, 2018

کوئٹہ(سٹی ڈیسک) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی عوامی ایجنڈے کے مطابق کام کرنے سے آئے گی ، محض کھوکھلے نعروں اور چہروں کی تبدیلی سے نظام تبدیل نہیں ہوگا ، اقربا پروری اور موروثیت کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے ، میرٹ پر فیصلوں سے ہی اصل تبدیلی آئے گی ، انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے اگر واقعی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے تو سرکاری افسروں کے شاہانہ طرز زندگی ختم کرنا ہوگی ، ماضی کے حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ، اس وقت روزانہ 6 ارب روپے قرضوں پر سود کی مد میں جارہے ہیں اگر اتنی بڑی رقم بچالی جائے تو ملکی معیشت میں بہتری آسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے ، بیرونی ممالک بنکوں میں موجود375ارب ڈالر کاخطیر سرمایہ ملک میں واپس لایاجانا چاہئے،ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے سیاست سے بالاترہوکر احتساب کرنا ہوگا۔