سوسائٹی فار آرٹ اینڈ کلچر کے انتخابات، عنایت لہڑی صدر منتخب

September 18, 2018

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)سوسائٹی فار آرٹ اینڈ کلچر(ساک) کے مرکزی کابینہ کی ایک سالہ مدت پوری ہونے پر انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مطابق عنایت لہڑی دوسری بار صدر اور جواد احمد شیری جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ سینئر نائب صدر ابراہیم مینگل‘ سعید احمد کرد جونیئر نائب صدر‘ استاد عارف جان جوائنٹ سیکرٹری‘ ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری علی اصغر‘ فنانس سیکرٹری شبیر کمار‘ پریس سیکرٹری منصور گل ‘آفس سیکرٹری محمد آصف جان منتخب ہوئے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران میں عمر فاروق‘ حفیظ اللہ سرپرہ‘منظور احمد‘ غلام حیدر ناز‘ عبدالرزاق کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ منتخب ہونے کے بعد صدر ساک عنایت لہڑی نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور سابق کابینہ کی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب کابینہ تنظیم کی ترقی و ترویج کے لئے بہتر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان فن و ثقافت کے فروغ کے لئے کوشاں سوسائٹی فار آرٹ اینڈ کلچر(ساک) ایک غیر سیاسی‘ غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے جو بلوچستان کے فنون و ثقافت کے فروغ و ترقی کیلئے قائم کی گئی ہے۔ عنایت لہڑی نے کہا کہ تنظیم کا کام فن و ثقافت سے منسلک لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل میں کوشاں رہنا ہے اس سلسلے میں استاد رفیق جو کہ بلوچستان میوزک انڈسٹری میں ایک مقام رکھتے ہیں گزشتہ چند ایام سے بیمار ہیں اورسی ایم ایچہسپتال میں زیر علاج ہیں تنظیم کی جانب سے ان کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت ہر قسم کی مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ تنظیم نے سیکرٹری ثقافت کو اس سلسلے میں مراسلہ بھی روانہ کیا ہے کہ استاد رفیق کے علاج و معالجہ کے لئے سرکاری طور پر صحت یابی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ گزشتہ روز تنظیم کے صدر عنایت لہڑی نے ان کی عیادت اور صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔ ساک تنظیم کے انتخابات کے بعد نو منتخب کابینہ کی جانب سے بچھڑے ہوئے ساتھی نور محمد اور رضا بلوچ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔