نوبل لاریئٹ میٹنگ کے لیے جرمنی جانے والے اسکالرز کا انتخاب

September 19, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ایپلائیڈ سائنسز (پیاس) نے نوبل لاریئٹ میٹنگ کے لیے جرمنی جانے والے اسکالرز کا انتخاب کر لیا ہے۔ اس ضمن میں کمیشن سیکرٹریٹ میں انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈاکٹر محمد ماجد ، ڈاکٹر سپوژمئی پنی زئی ، ڈاکٹر رابعہ سلیم، تمویل ماجد، جنید سیف خان، عارفہ مرزا، میومنہ نواز، ڈاکٹر امینہ ظفر، وردہ محمود اور کومل توقیر کو اس پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ۔ پاکستانی اسکالرز جو پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں یا کسی بھی ادارے میں عملی طور پر خدمات ادا کر رہے ہیں ان کے لیے نوبل لاریئٹ سے ملاقات کا یہ پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن ، پیاس اور کونسل فار نوبل لارئیٹ ان جرمنی کی مشترکہ کاوش ہے ۔ نوبل لارئیٹ میٹنگ میں شرکت کرنے کی اہلیت فزکس میں سولہ سالہ تعلیم اور فرسٹ کلاس تعلیمی پروفائل کا ہونا ضروری ہے جبکہ بورڈ اور اعلی تعلیمی اداروں کے امتحانات میں بہترین پوزیشن لینے والے اور ریسرچ پبلی کیشن کرنے والے اسکالرز کو ترجیح دی جائے گی ۔ یہ پروگرام ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلی تعلیم کے فروغ اور افرادی قوت کی ڈویلپمنٹ کے بجٹ سے ہر سال فنڈ کیا جاتا ہے۔ یہ پروگرام منتخب ہونے والے اسکالرز کو 40سے 50 نوبل لارئیٹ سے ملاقات اور پوری دنیا سے آئے ہوئے کم و بیش600سائنسدانوں سے ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ ایک مفاہمتی یادداشت کے ذریعے 2016سے ہر سال دس پاکستانی طلباء نوبل لارئیٹ میٹنگ میں شرکت کے لیے جرمنی جاتے ہیں اس سال 200اسکالرز نے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے 29اسکالرز کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا اور دس اسکالرز کو انٹریو کمیٹی کی جانب سے فائنل کیا گیا جبکہ یہ فہرست لنڈاؤکونسل جرمنی کو بھیج دی جائے گی۔ سلیکشن بورڈ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی، ریکٹر پیاس ڈاکٹر ناصر ایم مرزا، ڈین ریسرچ، ڈاکٹر متورا حسین، سربراہ پریس اینڈ کلچرل سیکشن ، جرمن سفارت خانہ، برغارد برنکس میئر، ڈائریکٹر ڈاڈ انفارمیشن سنٹر، پروگرام ڈائریکٹر پیاس، ڈاکٹر محمد آفتاب رفیق، ممبر نوبل لاریئٹ میٹنگ پروگرام ڈاکٹر کامران صفدر شامل تھے ۔