سرینگر،شہادتوں کے خلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال، عزاداری جلوسوں پر پابندی لگادی

September 19, 2018

سری نگر (نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت پر منگل کو اسلام آباد اور کلگام اضلاع میں چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔ وادی کے کئی علاقوں میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری رکھیں۔مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے کٹھ پتلی حکومت نے نو اور دس محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں پر پابندی لگا دی ہے، نام نہاد پابندی پر سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ جنوبی ضلع پلوامہ میں منگل کی صبح عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کے ایک مقامی کیمپ پر حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں فورسز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ۔ ادھر جنوبی صلع پلوامہ میں تین پنچایت گھر نذر آتش کردیئے گئے ہیں۔اتحاد المسلمین جموں و کشمیر کے صدر و سینئر حریت رہنما حج الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے نو اور دس محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں پر پابندی کو بلا جواز،مداخلت فی الدین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال ہزاروں قدغنوں کا پرواہ کئے بغیر دو بڑے مرکزی جلوسوں کو شان و شوکت کے ساتھ بر آمد کیا جائے گا۔جنوبی کشمیر کے10نوجوانوں کوکورٹ بلوال اور ہیرا نگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔جنوبی کشمیر کے بٹہ گنڈ ویری ناگ سے تعلق رکھنے والے14برسوں سے قیدنوجوان پیرزادہ اشرف اور کینسر میں مبتلا نوجوان ابرار احمد ڈار بھی شامل ہیں۔ نوجوانوں کے اہل خانہ نے سب جیل کہرہ بل مٹن کے باہر احتجاج کیا۔ بیرون وادی منتقل ہونے والوںمیں ابرار احمد ڈار چوگام قاضی گنڈ بھی شامل ہیں۔