حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن، بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ، عوام پریشان، گھنٹوں بجلی بند کرنے کا سلسلہ جاری

September 20, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن نے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا‘ عو ا م پریشانی میں مبتلا جبکہ فالٹ کی در ستی کا بہانہ بناکر گھنٹوں بجلی بند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور ہر 2گھنٹوں بعد بجلی کے آنکھ مچولی ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو حکام نے محرم الحرام میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے جس کی وجہ سے عزادار اور عام شہری شدید پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں مگر خلق خدا کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ضلع حیدرآباد کی تحصیل صدر‘ لطیف آباد‘ قاسم آباد اور دیہی کے متعدد علاقوں میں یومیہ وقفے وقفے سے 7سے 8گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ محرم الحرام کے دوران بجلی کی بندش میں اضافے کی وجہ سے عزاداران حسین کو مجالس کے انعقاد اور دیگر پروگرامز میں بجلی کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے واٹر سپلائی کی لائینوں میں سے پانی کی بجائے ہوا نکل رہی ہے سبیلیں لگانے کے لیے پانی دستیاب نہیں ہورہا ہے۔ مذکورہ تحصیلوں کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باوجود حیسکو کے نااہل عملے کی جانب سے فالٹ کا جواز بناکر ایک طرف بجلی بند رکھی جاتی ہے تو یومیہ ہر 2 گھنٹوں کے بعد قاسم آباد کے نسیم نگر‘ عبداللہ گارڈن‘ علمدار چوک اور دیگر علاقوں میں بجلی کے جھٹکوں کا سلسلہ رواں رکھا گیا ہے۔