انتخابی عذرداریاں متعلقہ ٹر بیونل میں ہی دائر کی جاسکتی ہیں،الیکشن کمیشن

September 20, 2018

اسلام آباد( طاہر خلیل آسیہ انصر)انتخابی عذر داریوں کی سماعت کے لئے قائم شدہ الیکشن ٹر بیونل میں الیکشن پٹیشنز کی وصولی کا عمل جاری ہے الیکشن ٹر بیونلز ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل ہیں۔ انتخابی عذر داریاں فائل کرنے کی آخری تاریخ 22 ستمبر ہے ، اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ تمام الیکشن پٹیشنز براہ راست متعلقہ الیکشن ٹر بیونل میں ہی دائر کی جاسکتی ہیں او رالیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد میں بذریعہ ڈاک وصول ہونے والی ایسی عذرداریاں مسترد کردی جائیں گی۔دریں اثناءالیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضاکی سربراہی میں بدھ کو دو رکنی کمیشن میں ناکام امیدواروں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 100 چنیوٹ سے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار قیصر شیخ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل کا موقف تھا کہ ‎25 جولائی کے بعد چار پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی۔‎ریٹرننگ افسر نے مسترد ووٹوں کو گنتی میں شامل کیا۔‎فارم 45 پر کسی پریزائیڈنگ افسر کے دستخط اور سٹیمپ موجود نہیں۔ ‎قیصر احمد شیخ کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ‎ان کی پہلے درخواست میں قیصر احمد شیخ پر کوئی دھاندلی کے الزامات نہیں لگائے گئے،الیکشن کمیشن میں انہوں نے اپنی درخواست میں موقف تبدیل کر دیا ہے۔ ‎الیکشن کمیشن نے ‎درخواست گزار سید ذوالفقار علی شاہ کو ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔بلوچستان کے حلقہ پی بی 26 سے مبینہ طور پر افغان شہری احمد علی کی کامیابی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔نادرا حکام کا کہنا تھا کہ احمد علی کی شہریت کے حوالے سے نادرا میں کل سماعت ہوئی لیکن انہوں نے تاریخ لے لی۔ سکیورٹی ایجنسی اور ڈی ای سی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ ڈی ای سی کی رپورٹ آچکی ہے تاہم سکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ نہیں آئی۔سردار شاہ جہاں یوسف کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 13 پر ریٹرننگ افسر کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار اوراس حلقہ سے کامیاب امیدوارصالح محمد پیش ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر نےترمیم شدہ پٹیشن سے متعلق ریٹرننگ افسر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔حلقہ این اے 78 نارووال سےدرخواست گزار ابرار الحق اور ان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔وکیل ابرار الحق نے کہا کہ حلقے کے بعض پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے، وکیل احسن اقبال نے کہا کہ آج نوٹس سے متعلق اطلاع ملی جواب جمع کرانے کے لیے وقت دیا جائے۔الیکشن کمیشن نےسماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔پی بی 2 نصیرآباد میں پولنگ سٹاف تبدیل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔پی ٹی آئی کے امیدوار شوکت علی کے وکیل نے کہا کہ حلقہ میں الیکشن سے دو روز قبل 51 پولنگ اسیٹشن کا سٹاف تبدیل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن جعلی شناختی کاڈر کا استعمال اور خواتین کو بھی پولنگ اسیٹشن میں جانے سے روکا گیا،ممبر پنجاب الطاف ابراہیم کا کہنا تھا کہ آپ یہ اس سارے معاملے کو کیسے ثابت کریں گے۔الیکشن کمیشن نے آر اوسے ریکاڈر طلب کر لیا۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے دو قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کے حلقے پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن نے این اے 74 سیالکوٹ میں غلام عباس کی درخواست خارج کرتے ہوئےدرخواست گزار کو ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ این اے 160 میں محمد اختر خان کانجو کی دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن نے پی کے 93 میں طارق سعید کی درخواست خارج کر دی اور طارق سعید کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔