دنیا سے ظلم و استحصال ختم کئے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا، گورنر / وزیراعلیٰ کے پی

September 21, 2018

پشاور ( نیوز ڈیسک )خیبرپختونخوا کے گورنرشاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول ؐ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے جو لازوال قربانی پیش کی وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں،عاشورہ محرم کی مناسبت سے اپنے الگ الگ پیغام میں انہوں نے کہاکہ وقت آچکا ہے کہ ہم آپس میں الجھنے کی بجائے ہماری الجھنوں کا سبب بننے والے عوامل کا قلع قمع کریں،قوم دوست اورقوم دشمن عناصر میں فرق کریں۔غلبہ اسلام اور استحکام پاکستان کیلئےہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم ،نا انصافی اورکرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا، بدقسمتی سے ہماری قومی بے حسی کا ہمارے سابقہ حکمران اور ملک دشمن عناصرغلط فائدہ اٹھاتے رہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں برداشت، رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں۔