پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی خبروں پر امریکا کا خیر مقدم

September 21, 2018

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوریٹ نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی خبر پاکستانیوں اور بھارتیوں کے لیے بہت شاندار ہے، ملاقات سے دونوں ملکوں کو مل کر بیٹھنے اور بات کرنے کا موقع ملے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم کے درمیان مثبت پیغامات سے بھی آگاہ ہیں، امید ہے کہ اچھے اور مضبوط تعلقات کے لیے ماحول بنے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روزبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خط کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے جبکہ وزیراعظم نے تجویز دی تھی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات طے کی جائے۔

بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پاک بھار ت وزرائے خارجہ کی ملاقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی تجویز قبول کرلی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں ہو گی۔