عالمی یوم امن پربھارت کا مذاکرات سے انکار شرمناک ہے، شیری رحمان

September 21, 2018

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ بھارت نے امن کے عالمی دن پر پاکستان سے امن مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے حالانکہ یہ ایک روٹین کی ملاقات تھی جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ہونا تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے بھاگنے سے یہ حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بھی کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم سامنے آ چکے ہیں۔

پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے سے قبل انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والے پاک بھارت مذاکرات کو خوش آئند تو قرار دیا جا سکتا ہے لیکن ان سے توقعات قائم کرنا کسی طرح بھی ٹھیک نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات کو بہتری کی جانب لے جانے کے لیے مذاکرات لازمی ہیں لیکن بھارت ہمیشہ ان سے دور رہنے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ سمجھ نہیں آتی کہ آخر دہلی کے لیے مذاکرات کے بارے میں بھی بات کرنا اتنا مشکل کیوں ہے؟