اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی خاموشی توڑے، عبدالحمید لون

September 21, 2018

حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے جلوس پر بھارتی قابض افواج کا تشدد اور جلوس میں شامل شرکا کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔

حریت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اپنی خاموشی توڑ کر مسئلہ کشمیر کا فوری حل تلاش کرے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ شد ومد سے اجاگر کرے اور بھارتی مظالم بےنقاب کرنے میں ہماری مدد کرے۔

سیکرٹری اطلاعات حریت کانفرنس کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو اپنا حق خود ارادیت حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی، کشمیری قوم شہید امام حسین کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت میں ہمارے لیے ظالم اور جابر کے خلاف حق پر قائم رہنے کا سبق موجود ہے۔

عبدالحمید لون نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے ہم اپنا بنیادی انسانی اور سیاسی حق ضرور حاصل کریں گے۔