مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا پر آشکار ہوگئے، سردار یعقوب خان

September 23, 2018

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) آزاد کشمیر کے سابق صدر اور وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اب بین الاقوامی برادری پر آشکار ہورہے ہیں۔ جنیوا میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی مشن نے بھی اب پہلی بار اس معاملے پر آواز بلند کی ہے۔ گلاسگو میں ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت مرزا امین کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں جہاں کشمیری عوام کی بے پناہ قربانیاں، حکومت پاکستان کی سیاسی و سفارتی مدد شامل ہیں وہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی کوششیں بھی ناقابل فراموش ہیں سیاسی اختلافات اور مختلف جماعتوں میں بٹے ہونے کے باوجود پاکستان اور کشمیر پر ہم متحد اور ایک آواز ہیں۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ مجھے بعض افراد کی اس بات پر افسوس ہوتا ہے جب وہ کہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت دونوں کشمیر سے اپنی فوجیں نکالیں۔ میں ان پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی کوئی فوج آزاد کشمیر میں نہیں، بلکہ وہ صرف سرحدوں پر ہماری حفاظت کررہی ہے، جبکہ بھارت کی7لاکھ فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ ایک غاصب طاقت ہے جو مسئلہ کشمیر کو خود ہی اقوام متحدہ میں لے کر گیا، رائے شماری پر راضی ہوا، لیکن برابر مکرے جارہا ہے وہ اپنے ہمسایوں بھوٹان اور سری لنکا پر قبضے کی کوشش کررہا ہے۔ ملک کے اندر عیسائی، سکھ اور مسلمان کوئی اقلیت اس سے خوش نہیں۔ ہندوستان تو مسئلہ کشمیر کو بنیادی مسئلے کے طور پر بھی ماننے کو تیار نہیں۔ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو وہ اب تک برصغیر کا نقشہ تک تبدیل کرچکا ہوتا۔ تحریک انصاف کی حکومت کو چاہیے کہ وہ سی پیک، کشمیر اور پاکستان کے دفاعی بجٹ کو بڑھانے کو اپنی ترجیحات قرار دے، کیونکہ بھارت کے عزائم خطرناک ہیں دفاعی طور پر ایک مضبوط پاکستان ہی خطے کے امن کا ضامن ہے تقریب سے پاکستان فورم سکاٹ لینڈ کے صدر بیلی کونسلر حنیف راجہ، پاکستان مسلم لیگ ن سکاٹ لینڈ کے صدر مرزا امین، پاکستان پیپلز پارٹی سکاٹ لینڈ کے صدر چوہدری عبدالمجید، محمد شعیب، راجہ اے ڈی خان، ملک خلیل، حافظ جاوید ملک اور سرفراز خان نے بھی خطاب کیا۔