حکومت نے عوام پرلوڈشیڈنگ کاعذاب ایک بارپھرمسلط کردیا،طاہرمجید

September 24, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حیدرآبادحافظ طاہرمجید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کاعذاب عوام پر ایک بارپھرمسلط کردیا ہے، دس دس گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ نااہلی اور عاشورہ کے دن مخصوص علاقوں کی بجلی بندکرناتعصب ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی حکومت سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ کرلی تھیں، حالات سابقہ حکومتو ں سے زیادہ بدترہوتے جارہے ہیں، ڈیم پانی سے بھرے ہوئے ہیں، نیلم جہلم اورچوتھاتربیلاتوسیع منصوبے مکمل ہوگئے ہیں اس کے باوجود عوام کوبدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عاشورہ کے دن بعض مخصوص علاقوں میں بجلی صبح 6 بجے سے رات 12بجے تک بند تھی، درمیان میں پندرہ پندرہ منٹ کے لیے بحال ہوئی پھر صورتحال وہی ہوگئی، وفاقی حکومت، نیپر ا اور حیسکوانتظامیہ لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار ہیں، بجلی کی عدم فراہمی سے گھریلو صارفین تو پریشان ہیں ہی کمرشل صارفین بھی پریشان ہیں، کاروبار زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بجلی کی قلت ہر حکومت کا ڈرامہ محسوس ہوتی ہے، اصل مسئلہ کرپشن اورنااہلی ہے ۔