سپریم کورٹ، عمران خان نااہلی کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہوگی

September 24, 2018

اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج پیر کو ہوگی، ایف آئی اے کی درخواست پرعبدالمجید اور عبدالغنی مجید کے میڈیکل بورڈ بنانے سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کریگا، بنچ نقیب اللہ محسود قتل سے متعلق کیس کی بھی سماعت کریگا جبکہ ججز اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہو گی۔ تفصیلا ت کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت (آج) پیر کو کریگا۔ یہی بینچ خود کار اسلحہ لائسنس کی منسوخی کیخلاف درخواست اور تطہیر بنت پاکستان کیس کی بھی سماعت کریگا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بنچ دیا مر بھاشا اور مہمنڈ ڈیمز کی تشہیری مہم سے متعلق کیس کی سماعت آج پیر کے روز کریگا۔ (کل) منگل کے روز یہ بنچ کراچی میں پولیس اور ڈاکوئوں کے در میان فائرنگ سے دس سالہ امل کے قتل کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کریگا۔ ایل ڈی اے کی غیر قانونی پٹرول پمپس کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس، این جی اوز سے متعلق از خود نوٹس کیس، این آر او سے متعلق کیس، شریف خاندان کیخلاف ریفرنس منتقلی سے متعلق کیس، پاکستان پیٹرولیم اور ایشیا آئل کے درمیان ڈیل سے متعلق کیس، سابقہ حکومت پنجاب کی جانب سے میڈیا میں اشتہار دینے سے متعلق کیس اورا صغر خان کیس کی سماعت (کل) منگل کو ہو گی۔ بدھ کے روز عدالت عظمی کا تین رکنی بینچ مظفر گڑھ میں محکمہ اوقاف کی زمین سے متعلق کیس، ای او بی آئی کے سابق چیئرمین کیخلاف ازخود نوٹس کیس، مارگلہ ہل میں درختوں کی کٹائی سے متعلق کیس، بحریہ ٹاون راولپنڈی کی جانب سے ڈڈھو چہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس اور لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کریگا۔ کرکٹر خالد لطیف کی پی سی بی ٹریبو نل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت بدھ کو ہو گی جبکہ جعلی شادیوں کے ذریعے خواتین کی افغانستان اسمگلنگ سے متعلق کیس کی سماعت بھی بدھ کو ہوگی۔ عدالت عظمی شا ہین ائیرلائن کی پرواز میں تاخیر سے متعلق کیس کی سما عت بدھ کو کریگی جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔ لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس، بھاشا ڈیم کی حدود کے تعین، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے امتحانات سے متعلق کیس اور میڈیا لاجک کے کیس کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔ تین رکنی بنچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔