بھارتی صوبے بہار میں فائرنگ،سابق میئر ڈرائیور سمیت ہلاک

September 24, 2018

بھارت کے صوبہ بہار کے ضلع مظفر پور میں فائرنگ کےنتیجہ میں سابق میئر سمیر کمار ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے،پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہےکہ قتل میں لینڈ مافیا ملوث ہوسکتی ہے تاہمقتل میں کون ملوث ہے ابھی تک واضح نہیں ۔

مظفر پور میں دن دہاڑے مصروف ترین علاقے بنارس بینک چوک پر موٹر سائیکل سوارحملہ آوروں نے سابق میئر سمیر کمار اور ان کے ڈرائیور پر اندھا دہند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں شہر کے سابق میئر سمیر کمار اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق سمیر کمار اپنے ڈرائیور کے ساتھ گاڑی میں جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوارمسلح افراد نے ان کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور اے کے47رائفل سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

سمیر کمار کو ذرا بھی سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا،پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ فائرنگ کےواقعے میں کم از کم دواے کے47رائفل استعمال کی گئیں کیوں کہ سمیر کمار پر لگنے والی گولیوں کی تعداد 50سے زائدہےجس سے ان کا پورا جسم چھلنی ہوگیا،فائرنگ کے واقعے میں سمیر کمار کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا ۔

موقع پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسلحہ لہراتے ہوئے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف وہراس کی فضا ء پائی جاتی ہے ، دکاندار اپنا کاروبار بند کرکے بھاگ نکلے اور ہر طرف سنسنی پھیل گئی۔

پولیس واقعے پر لب کشائی سے گریزاں ہے تاہم نام نہ ظاہر کرنے پر ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ سابق میئر کے قتل کے پیچھے لینڈ مافیا کا ہاتھ ہونے کا امکان ہے۔ حالیہ دنوں میں پٹیاسامیں سہارا کی کروڑوں روپے کی زمین کے لین دین کا معاملہ موضوع بحث رہا۔

سمیر کمارکا جس وقت قتل کیا گیااس وقت ان کی گاڑی میں زمین کے کاغذات بھی موجود تھے۔ سمیر کمار مظفر نگر میں معروف سماجی و سیاسی شخصیت کے حامل تھے۔ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ قتل سیاسی، سماجی یا ذاتی دشمنی کی وجہ سے کیا گیا۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔