پاکستانی فنکاروں اور ہدایتکاروں کی فلموں کی ریلیز میں تعطل

September 24, 2018

پاکستان فلم انڈسٹری کے نئے جنم کے بعد لالی وڈ کے ماضی کے معروف ہدایت کار اور فن کاروں کی فلموں کی ریلیز تعطل کا شکار ہے۔نامور ہدایتکار سیّد نور کی تین فلمیں مکمل ہونے کے باوجود سنیما گھروں کی زینت نہیں بن پارہی ہیں۔

نئی نسل کے مقبول اداکار، احسن خان، دانش تیمور اور معمر رانا ان دنوں سخت پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈراما سیریل ’اڈاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے احسن خان کی حال ہی میں ایک فلم ’’چھپن چھپائی‘‘ کے نام سے نیلم منیر کے ساتھ ریلیز ہوئی جبکہ ان کی دوسری فلم، ٹیلی ویژن اور فلموں کی اداکارہ عائشہ عمر کے ساتھ گزشتہ برس ریلیز ہونا تھی جو اب تک تعطل کا شکار ہے۔ فلم کا نام ’’رہبرا‘‘ ہے۔

دوسری جانب اداکار دانش تیمور کی رواں برس عیدالفطر پر فلم ’’وجود‘‘ ریلیز ہوئی،جسے باکس آفس پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ فلم وجود سے قبل دانش تیمور، ہدایت کارہ سنگیتا کی فلم ’’تم ہی ہو‘‘ قراۃ العین عینی کے ساتھ بطور ہیرو کام کرچکے ہیں لیکن یہ فلم بھی تاحال سنیما گھروں کی زینت نہ بن سکی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


دانش تیمور ’’رانگ نمبر‘‘ اور ’’مہرالنساء وی لب یو‘‘ میں عمدہ پرفارمنس دکھاچکے ہیں۔ فلم ’وجود‘ کی ناکامی اور ’’تم ہی ہو‘‘ کی ریلیز کے تعطل کی وجہ سے ان کے فلمی مستقبل پر کئی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ اسی وجہ سے ایک مرتبہ پھر انہوں نے فلموں کے بجائے ٹی وی ڈراموں میں اداکاری پر توجّہ دینا شروع کردی ہے۔

پاکستان فلموں کے سینئر ہیرو معمر رانا کی رواں برس عید الفطر پر فلم ’آزادی‘ ریلیز ہوئی جو باکس آفس پر ناکام رہی۔ معمر رانا کی سیّد نور کے ساتھ بہ طور ہیرو ایک فلم ’’بھائی وانٹڈ‘‘ مکمل ہوچکی ہےلیکن اس کی ریلیز بھی ابھی باقی ہے۔

ہدایت کار بلال لاشاری کی ’’مولا جٹ‘‘ کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے لیکن وہ کب ریلیز ہوگی، اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

سیّد نور کی تین فلمیں ریلیز کا انتظار کررہی ہیں جن میں ایک فلم ’بھائی وانٹڈ‘ بھی شامل ہے۔ فلم بینوں کو مذکورہ تمام فلموں کاشدت سے انتظار ہے۔