’ایک ارب روپیہ تو وزیر صحت کیلئے مسئلہ ہی نہیں‘

September 24, 2018

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر صحت انتہائی مخیر ہیں،ایک ارب روپیہ تو ان کے لئے مسئلہ ہی نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل اور وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے زیراہتمام پہلی سالانہ ہیلتھ ریسرچ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت یہ بھی بتا گئے کہ ریسرچ کےلئے فنڈ کہاں سے مل سکتا ہے ۔

انہوں نے صحت کے شعبہ میں تحقیق کی ضرورت پر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں وسائل کا رخ علاج معالجہ سے زیادہ بیماریوں کی روک تھام کی جانب موڑنا ہو گا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے ایسی تحقیق ہونی چاہیے جس سے ملک کی صنعت و دیگر شعبے بھی استفادہ کر سکیں،بیماریوں سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے میڈیا کے ذریعے باضابطہ مہم شروع کی جائے۔

صدر مملکت نے ملک گیر پولیو ویکسی نیشن مہم کاافتتاح بھی کیا اور اسلام آباد کی کچی آبادی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ، وفاقی وزیر برائے صحت، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے خطرات کے باوجود اس مہم کو جاری رکھنے پر تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے علماء سے اپیل کہ وہ اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ جلد ملک سے اس بیماری کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔