اسٹاک ایکسچینج، انڈیکس میں 316 پوائنٹس کمی، حصص کی فروخت کا دبائو

September 25, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج ،نئے کاروباری ہفتے کا آغاز بھی مندی سے ہوا،کے ایس ای100انڈیکس میں 316پوائنٹس کمی ، حصص کی فروخت کادباؤ بڑھنے کے باعث70.93 فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 39ارب 48کروڑ68لاکھ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی صرف9 کروڑ 86 لاکھ 21 ہزار شیئرزکی لین دین تک محدود رہا ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں نے مخصوص کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی لی جس کے نتیجے میں تیزی دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای100انڈیکس 200سے زائد پوائنٹس بڑھ کر41320پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں مختلف منفی خبروں کی وجہ سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان بڑھنے لگا جس سے تیزی کے اثرات ذائل ہوگئے اور مارکیٹ میں مندی چھاگئی اور نتیجے میں انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 40902پوائنٹس کی نچلی سطح پر پہنچ گیا جس میں بعد میں ریکوری آئی اور مزکورہ حد بحال ہوگئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 315.58 پوائنٹس کی کمی سے 41004.55پوائنٹس پربندہوا.اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 163.83پوائنٹس کی کمی سے 19966.48پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 831.31پوائنٹس کی کمی سے 69477.61پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئر انڈیکس146.86پوائنٹس کی کمی سے 29937.91پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر375کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے83کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہواجب کہ اس کے مقابلے میں 266کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور26کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔