ربا کی آخری تشریح اسلامی نظریاتی کونسل کرے گی، وفاقی شریعت عدالت

September 25, 2018

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ،صباح نیوز)وفاقی شریعت عدالت نے ʼʼ ملک سے سودی نظام معیشت کے خاتمہ ʼʼ سے متعلق دائرکی گئی 118درخواستوں کی سماعت کے دوران فریقین کو آئندہ سماعت پر ربا ء اور انٹرسٹ کی تشریح سے متعلق تیاری کرکے آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیئے ملتوی کردی ہے اور کہا ہے کہ ربا کی آخری تشریح اسلامی نظریاتی کونسل کریگی۔چیف جسٹس شیخ نجم الحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی تو اٹارنی جنرل انور منصور خان جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر ابراہیم، جماعت اسلامی کے وکیل قیصر امام ایڈوو کیٹ متعدد فریقین عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔اٹارنی جنرل انور منصور خا ن نے موقف اختیا رکیا کہ عدالت پہلے رباء کی تشریح کرے تو پھر مقدمے کو آگے بڑھایا جائے، انہوںنے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سودی نظام کے خاتمے سے متعلق مقدمے میں اٹھائے گئے سوالات کو پہلے حل کیا جانا چاہئے،جس پر فاضل چیف جسٹس شیخ نجم الحسن نے کہا کہ ہمارا دائرہ اختیار ذرا مختلف ہے،شریعت کورٹ ہدایات جاری کر سکتی ہے، سودی نظام کے خاتمے کیلئے عدالت نے کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے ،انہوںنے ریمارکس دیئے کہ سودی نظام کا خاتمہ آئینی تقاضا ہے لیکن اس کا خاتمہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔صباح نیوز کے مطابق وفاقی شریعت عدالت نے ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران آبزرویشن دی ہے کہ ملک سے سود کا خاتمہ آئینی تقاضا ہے آئین کی شق میں حکومت کو سود کے خاتمے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس ضمن میں شریعت عدالت نے کوئی حکم امتناعی نہیں دے رکھا۔ہم صرف ہدایت دے سکتے ہیں ،ربا کی آخری تشریح اسلامی نظریاتی کونسل کرے گی۔