’’ماضی میں بلدیاتی اداروں کو بے اختیار رکھا گیا‘‘

September 25, 2018

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں بلدیاتی اداروں کو بے اختیار رکھا گیا، ہماری حکومت بلدیاتی نمائندوں کو اختیار دے گی اور ان پر چیک اینڈ بیلنس بھی رکھے گی۔

پنجاب کے نئے مجوزہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظا م کےتحت عوام کوریلیف ملےگا، اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پرمنتقل کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں فرسودہ بلدیاتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کے نمائندے عوام کو جوابدہ ہوں گے، بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔

پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کے معاملے پر پنجاب کے وزیر بلدیات عبدالعلیم خان آج وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیر بلدیات عبدالعلیم خان وزیراعظم عمران خان کوحتمی سفارشات پیش کریں گے۔

عبدالعلیم خان کا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پارٹی نہیں امیدوار کی مقبولیت کی بنیاد پر ہوں گے، پنجاب حکومت کے ترقیاتی فنڈز بلدیاتی نمائندوں کو دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب براہِ راست اور جماعتی بنیادوں پر ہو گا، یہ بلدیاتی نظام شہری اور دیہی تقسیم پر مشتمل ہو گا۔