ہنر اور دولت کی بنیاد پر مرحلہ وار امیگریشن سسٹم پر تھریسامے کابینہ کا اتفاق

September 26, 2018

لندن( نیوز ڈیسک) تھریسا مے کی کابینہ نے بریگزٹ کے بعد ایک ایسے امیگریشن نظام پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت امیگرنٹس کو ہنرمندی اوردولت مندی کی بنیاد پر مرحلہ وار بنیاد پر ویزا فراہم کئے جائیں گے۔توقع ہے کہ اگلے ہفتے پارٹی کی کانفرنس میں کئے جانے والے کلیدی اعلانات میں اس کااعلان شامل ہوگا۔ڈائوننگ سٹریٹ کو توقع ہے کہ یہ مائیگریشن پالیسی مے کی قیادت اوربریگزٹ پر مذاکرات کے حوالے سے جو گزشتہ ہفتے یورپی رہنمائوں کی جانب سے ناقابل عمل قرار دیئے جانے کی وجہ سے جمود کاشکار ہوگئی تھی پر تشویش میں مبتلا پارٹی ارکان کیلئے قابل قبول ہوگی۔گارڈین نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھاہے کہ وزرا نے وزیر داخلہ ساجد جاوید کی جانب سے پیش کئے گئے منصوبے پر دستخط کردئے ہیں جس کے تحت اب ہنرمند ورکرز کو بے ہنر ورکرز کے مقابلے میں آسانی سے ویزا مل سکے گا ا وربرطانیہ کی لیبر مارکیٹ میں داخلے کیلئے یورپی باشندوں کے ساتھ کوئی خصوصی سلوک نہیں کیاجائے گا۔یورپی یونین سمیت جو علاقے اور ممالک برطانیہ کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کریں گے ان کو برطانیہ کی لیبر مارکیٹ میں زیادہ رسائی دی جائے گی لیکن مستقبل میں ان ملکوں میں امریکہ ،کینیڈا اوردیگر ممالک بھی شامل ہوں گے۔گارڈین کے مطابق کابینہ کے ارکان نے جن میں سخت بریگزٹ اور تھریسا مے پر اپنی پالیسی تبدیل کرکے کینیڈا کی طرز پر آزاد تجارت کی تجاویز دینے والوں نے بھی اس پر کسی خاص تشویش کااظہار نہیں اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔