ترک عدالت نے امریکی پادری کو رہا کردیا

October 12, 2018

ترکی اور امریکا میں تنائو کا خاتمہ ہوگیا ،ترک عدالت نے قید امریکی پادری انڈرو برناسن کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ترک شہر ازمیر میں لگنے والی عدالت نے پادری کو تین سال 15 دن قید کی سزا سنادی تھی جو عدالت کے مطابق گرفتاری کے دن سے گزاری جاچکی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک عدالت نے پادری پر عائد نظربندی اور سفری پابندی کے احکامات ختم کردئیے۔

امریکی میڈیا نے پادری کی رہائی کو وائٹ ہاؤس اور انقرہ حکومت کے درمیان خفیہ ڈیل قرار دے دیا۔

ترک پولیس نے سال 2016ء امریکی پادری کو فوجی بغاوت کی حمایت اور دہشت گرد قرار دی جانے والی جماعت سے خفیہ تعلقات کے شبہے میں گرفتار کیا تھا جس کے باعث انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان شدید تناؤ ہوا تھا۔

گزشتہ روز امریکی میڈیا نے امید ظاہر کی تھی کہ ترک عدالت آج امریکی پادری کو رہا کردے گی ، اس حوالے سے واشنگٹن اور انقرہ میں معاہدہ طے پاگیا ہے ۔