پی اے ایف بڈھ بیر بیس پر حملہ، فائرنگ، سرچ آپریشن میں 17 گرفتار، اسلحہ برآمد

October 15, 2018

پشاور( نمائندہ جنگ) پشاور میں پی اے ایف کیمپ بڈھ بیر پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ۔اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار ایک شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اُس نے کیمپ پر حملہ نہیں کیا بلکہ وہایک شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اُس نے کیمپ پر حملہ نہیں کیا بلکہ وہ شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کررہا تھا تاہم کیمپ انتظامیہ نے واقعے کو حملہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے کیمپ سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا۔تحقیقات کے لئے ایس پی صدر ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، پولیس کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات تھانہ انقلاب کی حدود میں واقع پی اے ایف کیمپ پر فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا ، اس دوران موٹرسائیکل سوار ایک شخص کو بھی جائے وقوعہ سے حراست میں لے لیا جس نے مبینہ طور پر کیمپ پر فائرنگ کی تھی تاہم گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ اُس نے کیمپ پر فائرنگ نہیں کی بلکہ وہ شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد کیمپ ستے ملحقہ علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہیں جن کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ 18 ستمبر 2015 کو بھی پاک فضائیہ کے اس کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں کیپٹن سمیت 30 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جبکہ کارروائی میں 14 دہشت گرد مارے گئے تھے ۔چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور قاضی جمیل الرحمن نے بڈھ بیر ائیربیس کے قریب فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایس پی صدر ڈویژن صاحبزادہ سجاد کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ کمیٹی کو واقعے کے اصل حقائق معلوم کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال اور دیگر سینئر افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور ائر فورس کے اعلی حکام سے اس بابت ملاقات کی ہے۔