ایم آئی 6 کے ریٹائرڈ افسران اور سفارتکار روسی جاسوسوں کے نشانے پر ہیں،انتباہ

October 16, 2018

لندن( نیوز ڈیسک) دفتر خارجہ نے اپنے ملازمین کو روسی حربوں سے آگاہ کرنے کیلئے ایک میمو جاری کیا ہے ،میمو میں کہاگیاہے کہ روسی سروسز انھیں انتہائی ترجیحی ہدف تصور کرتے ہیں، ماہرین کا کہناہے کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو اپنے ملک میں زیادہ مضبوط بنانے کیلئے یہ نئے حربے اختیار کئے جارہے ہیں،فی الوقت پیوٹن کو روس کی روبہ زوال معیشت اور جی آر یو کی جانب سے کی جانے والے پے درپے غلطیوں کی وجہ سے شدید دبائو کاسامنا ہے۔برطانیہ کے ایک سابق انٹیلی جنس افسر نے ڈیلی مرر کو بتایا کہ تصوراتی خطرے کے پیش نظر پیوٹن روسی عوام پر یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ مغربی ممالک روس کو گھیرے میں لے رہے ہیں اور ان کامادر وطن نشانے پر ہے جبکہ وہ ہمہ وقت اس بات پر مسکراتے رہتے ہیں کہ جی آر یو مغربی جمہوریتوں کو تہہ وبالا کرنے کے درپے رہتا ہے جبکہ ان کے لوگوں کی غلطیاں زیادہ ہی شرمناک بنتی جارہی ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے میمو میں متنبہ کیاگیاہے کہ روسی جاسوس ایم آئی6 کے ریٹائرڈ افسران اور ریٹائرڈسفارتکاروں کواس امید پر نشانہ بنارہے ہیں کہ وہ انہیں پیوٹن کیلئے جاسوسی کرنے پر آمادہ کرسکیں اور برطانوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اندرونی لوگوں کی خدمات حاصل کرکے انٹیلی جنس ایجنسیوں کے آپریشنز تک رسائی حاصل کرسکیں۔